لندن (ہمگام نیوز) فری بلوچستان موومنٹ یوکے (FBM UK) 28 مئی 2025 بروز بدھ، لندن میں وزیر اعظم برطانیہ کی سرکاری رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ اسٹریٹ کے سامنے ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ یہ مظاہرہ شام 3 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
یہ احتجاج ہر سال 28 مئی کو پاکستان کی جانب سے 1998 میں بلوچستان کے ضلع چاغی میں کیے گئے ایٹمی تجربات کے خلاف منعقد کیا جاتا ہے۔ مظاہرے کا مقصد ان تجربات کے انسانی، ماحولیاتی، اور صحت پر مرتب ہونے والے دیرپا اثرات کو دنیا کے سامنے لانا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ “بلوچستان کے عوام کو پاکستان کے ایٹمی تجربے کی بہت بڑی قیمت چکانی پڑی ہے۔ ان تجربات کے نتیجے میں علاقے میں کینسر، جلد کی بیماریاں، پیدائشی نقائص اور دیگر مہلک امراض میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ تابکاری اور ماحولیاتی تباہی نے لوگوں کی زندگیوں کو تباہ کر دیا ہے۔”
احتجاج کے دوران درج ذیل مطالبات پیش کیے جائیں گے:
• ایٹمی تابکاری کا خاتمہ اور متاثرہ علاقوں کی ماحولیاتی صفائی
• ایک آزاد اور غیرجانبدار بین الاقوامی تحقیقی مشن کا قیام تاکہ متاثرین کو انصاف مل سکے۔
• پاکستان کو بلوچستان میں مزید ایٹمی سرگرمیوں سے باز رکھا جائے۔
• پاکستان کے ایٹمی ہتھیاروں کو عالمی سطح پر ایک خطرہ سمجھ کر فوری طور پر ختم کیا جائے۔
فری بلوچستان موومنٹ کا مؤقف ہے کہ پاکستان نے بلوچستان کو ایک ایٹمی تجربہ گاہ کے طور پر استعمال کیا ہے جہاں مقامی عوام کی صحت، زمین اور پینے کی پانی کے زرائع کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ 27 سال گزرنے کے باوجود متاثرین کو کسی قسم کی امداد یا انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔
میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے گزارش ہے کہ وہ اس مظاہرے کو بھر پور کوریج دیں اور بلوچستان کے متاثرہ عوام کی آواز کو عالمی سطح پر پہنچائیں۔