قلات (ہمگام نیوز) بلوچ سرمچاروں نے قلات کی مرکزی شاہراہ پر گزشتہ شب سے مکمل کنٹرول حاصل کر رکھا ہے، جہاں ٹول پلازہ اور ملحقہ علاقوں میں ناکہ بندی قائم کرتے ہوئے بلوچ قومی فوج نے راستوں کی نگرانی، تلاشی اور چیکنگ کا مؤثر نظام نافذ کیا ہے۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بلوچ سرمچاروں نے فرنٹیئر کور (ایف سی) کی ایک چیک پوسٹ پر کامیاب حملہ کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر قبضے میں لے لیا اور بعدازاں آگ لگا دی۔ ذرائع کے مطابق اس کارروائی کے دوران کئی ایف سی اہلکار ہلاک ہوئے، جبکہ کچھ اہلکار جان بچا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
یہ کارروائی بلوچ آزادی پسند قوتوں کی جانب سے قابض پاکستانی افواج کے خلاف جاری مسلح مزاحمت کا تسلسل ہے۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرمچاروں نے ناکہ بندی کے دوران عام شہریوں اور مسافروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا، جبکہ ان کی تمام تر توجہ صرف اور صرف ریاستی فورسز اور اُن کے سہولت کاروں پر مرکوز رہی۔
بلوچ قومی تحریک کے مطابق یہ مزاحمت ریاستی جبر، جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل اور قومی وسائل کی لوٹ مار کے خلاف ایک منظم ردِعمل ہے۔ قلات میں حالیہ کارروائی نہ صرف عسکری لحاظ سے اہم ہے بلکہ یہ نفسیاتی طور پر بھی قابض فورسز کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ بلوچ سرزمین پر عوامی حمایت مزاحمتی قوتوں کے ساتھ ہے۔


