لبنان ( ہمگام نیوز ) جنوبی لبنان میں جمعہ کے روز اسرائیلی ڈرون حملے میں جنوبی لبنان میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ اسرائیلی فوج نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا شخص حزب اللہ کا لاجسٹکس کمانڈر عباس حسن کرکی تھا

رپورٹ کے مطابق مذکورہ کمانڈر کو ایک اسرائیلی ڈرون نے اُس وقت نشانہ بنایا جب وہ ایک گاڑی میں سوار ہو کر تول گاؤں کی طرف جا رہا تھا۔ یہ علاقہ نبطیہ شہر کے قریب واقع ہے۔ اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ اُس نے عباس حسن کرکی کو نشانہ بنا کر ختم کر دیا اور اُسے حزب اللہ کے جنوبی محاذ کے ہیڈکوارٹر کا لاجسٹکس کمانڈر قرار دیا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق مذکورہ کمانڈر گذشتہ سال اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد حزب اللہ کی جنگی صلاحیتیں دوبارہ بحال کرنے کی کوششوں کی قیادت کر رہا تھا اور وہ جنوبی لبنان میں ہتھیاروں کی نقل و حمل اور ذخیرہ کرنے کے انتظامات کا ذمہ دار بھی تھا۔

تاہم رواں سالہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل نے سرحد کے ساتھ پانچ مقامات پر اپنی فوج تعینات کر رکھی ہے جنہیں وہ حکمتِ عملی کے لحاظ سے اہم سمجھتا ہے۔