شنبه, نوومبر 23, 2024
Homeخبریںملا اختر کی سربراہی میں طالبان شوریٰ کی ویڈیو جاری کر دی...

ملا اختر کی سربراہی میں طالبان شوریٰ کی ویڈیو جاری کر دی گئی

کابل (ہمگام نیوز)افغان طالبان نے اپنی شوریٰ کے اجلاس کی غیر معمولی ویڈیو جاری کی ہے جس میں تحریک طالبان کے سینکڑوں اراکین نئے سربراہ ملا اختر منصور سے وفاداری کا اظہار کر رہے ہیں۔پیر کو جاری ہونے والی ویڈیو میں شوریٰ کے اجلاس میں ملا اختر منصور کو طالبان کا نیا سربراہ تعینات کیا جا رہا ہے تاہم ویڈیو میں ان کا چہرہ چھپایا گیا ہے۔افغان طالبان کی جانب سے یہ ویڈیو ایک ایسے موقع پر جاری کی گئی ہے، جب ملا عمر کی ہلاکت کے بعد نئے امیر کی تعیناتی پر اختلافات کی خبریں سامنے آئیں ۔اس سے قبل طالبان کے سینئر رہنماؤں نے بتایا تھا کہ ملا اختر منصور کو طالبان شوریٰ کی مشاورت کے بغیر تحریک کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔گذشتہ ہفتے ملا عمر کی ہلاکت کی تصدیق کرنے کے بعد طالبان نے ملا اختر منصور کو باضابطہ طور پر تحریکِ طالبان کا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔برطانوی میڈیا کے مطابق یہ ایک غیر معمولی ویڈیو ہے جس میں طالبان کے شوریٰ کے اجلاس ہوتے دکھایا گیا تاکہ مخالفین کو یہ باور کروایا جا سکے کہ نئے سربراہ کو بڑی تعداد میں طالبان اراکین کی حمایت حاصل ہے۔یاد رہے کہ افغان طالبان نے ہمیشہ تصاویر اور ویڈیو کی مخالفت کی اور طالبان کی جانب سے عموماً جنگی محاذ کی ویڈیو جاری کی گئی ہیں تاہم کسی اجلاس کی یہ غالباً پہلی ویڈیو ہے۔طالبان کی جانب سے جاری کی جانے والی اس غیر معمولی ویڈیو میں شوریٰ کا اجلاس دکھایا گیا ہے جس میں سینکڑوں طالبان جنگجو شریک ہیں۔ویڈیوں میں شوریٰ کے اجلاس میں شریک طالبان اراکین تحریک کے نئے سربراہ ملا اختر منصور سے وفاداری کا اظہار کر رہے ہیں ویڈیوں میں نئے سربراہ ملا اختر منصور کا چہرہ نہیں دکھایا گیا۔طالبان کی جانب سے ملا اختر منصور کی تقرری کو تحریک کے سنیئر رہنماؤں نے مسترد کر دیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی تقرری شوریٰ کی مشاورت کے بغیر کی گئی ٗ ملا اختر منصور نے اپنے 30 منٹ کے آڈیو پیغام میں کہا تھا کہ جنگجوؤں کو متحد رہنا چاہیے کیونکہ ہمارے درمیان تفریق صرف دشمنوں کو ہی خوش کر سکتی ہے

یہ بھی پڑھیں

فیچرز