میانمار میں ایک جنگی طیارہ باغیوں اور فوج کی ایک لڑائی کے دوران گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ اس واقعے کو حکومت کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا گیا ہے۔ طیارے کی تباہی کا یہ واقعہ میانمار اور تھائی لینڈ کی سرحد کے قریب ہفتے کے روز پیش آیا ہے۔
اس علاقے میں فوج اور کیرینی نیشنلسٹس ڈیفنس فورس ( کے این ڈی ایف ) کے درمیان لڑائی چل رہی ہے۔ باغی فوج کا کہنا ہے’ طیارہ اس نے مار گرایا ہے۔’
تاہم سرکاری ترجمان زا من نے کہا ہے کہ ‘جیٹ طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے گر کر تباہ ہوا ہے اور پائلٹ محفوظ انداز میں طیارے سے باہر کودنے میں کامیاب رہا ہے۔ ‘
میانمار کی فوج ملک کے اندر اپوزیشن کی فورسز سے کئی محاذوں پر لڑ رہی ہے۔ ایک مسلسل بد امنی کا ماحول ہے۔ چین کی طرف سے تمام فریقوں کو لڑائی سے گریز کا کہا گیا ہے۔