ناروے (ہمگام نیوز) معروف بلوچ صحافی کیّا بلوچ کو PEN ناروے کی Imprisoned Writers Committee اور Young Writers Committee کا رکن منتخب کر لیا گیا۔
کیّا بلوچ بلوچ اب PEN ناروے کی نمائندگی کرتے ہوئے PEN انٹرنیشنل کے ساتھ مل کر کام کریں گی تاکہ دنیا بھر میں نوجوان لکھاریوں کو آزادی اظہار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ نوجوان لکھاریوں کی کمیٹی کا مقصد نوآموز مصنفین کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنا اور ان کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔
اس کے علاوہ کیّا بلوچ Imprisoned Writers Committee کے تحت قیدی مصنفین اور صحافیوں کے لیے کام کریں گی جس میں خاص طور پر ایران، انڈیا اور بیلاروس میں قید لکھاریوں کے حقوق کے لیے مہمات چلائی جائیں گی۔
یاد رہے کہ PEN ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جو دنیا بھر میں ادیبوں، صحافیوں اور دانشوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے کام کرتی ہے۔ یہ تنظیم آزادیٔ اظہار، ادبی تبادلے اور مصنفین کے حقوق کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔ PEN انٹرنیشنل مختلف ممالک میں ظلم و جبر کے شکار ادیبوں اور صحافیوں کے لیے آواز بلند کرتا ہے اور قید مصنفین کی رہائی کے لیے مہم چلاتا ہے اس کے علاوہ آزادی اظہار اور سنسرشپ کے خلاف بھی کام کرتا ہے۔
اس کے علاوہ یہ تنظیم نوجوان لکھاریوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور ان کے لیے ایسے پلیٹ فارمز مہیا کرتی ہے جہاں وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو آزادانہ طور پر اجاگر کر سکیں۔