تہران( ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز 23 جنوری کو نرگس محمدی کے شوہر تقی رحمانی نے اعلان کیا کہ انسانی حقوق کے کارکن نرگس محمدی کو صرف پانچ منٹ کے ٹرائل میں آٹھ سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ نرگس محمدی 16 نومبر 2021 سے جیل میں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈیفنڈرز آف ہیومن رائٹس سینٹر کی نائب صدر اور ترجمان نرگس محمدی کو پانچ منٹ کے ٹرائل کے بعد آٹھ سال قید، 70 سے زائد کوڑے اور ٹیلی کمیونیکیشن پر دو سال کی پابندی کی سزا سنائی گئی۔
اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر خبر کی اطلاع دیتے ہوئے ان کے شوہر تقی رحمانی نے لکھا کہ سزا کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیئے گئے ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ نرگس کو 16 جنوری کو عدالت میں لے جایا گیا تھا، اور یہاں تک کہ اس کے اہل خانہ کو بھی نہیں معلوم تھا کہ وہ اپنا دفاع کرنے کے قابل تھی یا نہیں۔
واضح رہے کہ نرگس محمدی کو 16 نومبر کو ابراہیم کتابدار جوکہ نومبر 2019 کے ایک احتجاج کے دوران قتل کیے گئے تھے کی یادگاری تقریب میں گرفتار کیا گیا تھا۔
“اوین” میں دو ماہ قید میں رہنے کے بعد اسے بدھ، 20 جنوری کو” قرچک ورمین ” جیل منتقل کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ نرگس محمدی کو گزشتہ گیارہ سالوں میں متعدد بار قید، ہراساں اور تشدد کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔