شنبه, نوومبر 23, 2024
Homeخبریںوندر میں کوسٹ گارڈ کی نا انصافیوں کیخلاف علاقہ مکینوں کا شدید...

وندر میں کوسٹ گارڈ کی نا انصافیوں کیخلاف علاقہ مکینوں کا شدید احتجاج

حب: (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق وندر، کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں کی جانب سے مقامی لوگوں کو تنگ کرنے اور گوٹھوں میں گھس کر چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی، اسمگلنگ کی روک تھام کے نام پر ناکہ کھارڑی چیک پوسٹ کے قریبی گوٹھوں کی سڑک کو بلڈوزر کرنے کیخلاف خاصخیلی برادری اور موندرہ یکجہتی کونسل کی جانب سے احتجاج، کوئٹہ کراچی شاہراہ ٹریفک کی آمدو رفت کے لیے بند کردی۔

گزشتہ روز کوسٹ گارڈ ناکہ کھارڑی چیک پوسٹ کے اہلکاروں کی جانب سے ناکہ کھارڑی کوسٹ گارڈ چیک پوسٹ کی قریبی گوٹھوں میں آنے جانے کے لیے بنائی گئی سنگل سڑک کو یہ کہہ کر بلڈوزر کے ذریعے کھدائی کی گئی کہ یہاں سے ممنوعہ اشیا کی اسمگلنگ کی جاتی ہے گوٹھ کے مکینوں کے مطابق کوسٹ گارڈ کے اہلکار آئے روز ہمارے گوٹھ میں گھس کر چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی کرتے رہتے ہیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کوسٹ گارڈ ناکہ کھارڑی کے اہلکاروں نے اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے گوثھ کی جانب جانے والی سنگل سڑک کو بلڈوزر کے ذریعے کھودائی کرکے گوٹھ کے مکینوں کو دستیاب واحد ذریعہ آمد و رفت کے لیے استعمال ہونے والے سڑک کو بند کردیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو حکومت کی جانب سے دیہی علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو سہولیات فراہم نہیں کی جارہی ہے تو دوسری طرف سے وفاقی ادارے کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے نام پر قدیمی مقامی لوگوں کی گوٹھوں کی آمدورفت کے لیے اپنی مدد آپ بنائی گئی سنگل سڑکوں کو بلڈوزر کرکے دیہی علاقوں میں رہائش پزیر لوگوں کے لیے مشکلات پیدا کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوسٹ گارڈ کا عملہ چیک پوسٹ پر مبینہ طور پر بھتہ لے کر ممنوعہ اشیا چیک پوسٹ سے گزار دیتی ہے اور اپنی بھتہ خوری و ناکامی کو چھپانے کے لیے قریبی گوٹھوں کے مکینوں کو آئے روز مختلف بہانوں سے تنگ کرتی رہتی ہے آج تو کوسٹ گارڈ ناکہ کھارڑی کے اہلکاروں نے اپنی ظالمانہ رویے کی حدیں پار کرتے ہوئے گوٹھ کی واحد کچی سڑک کو بلڈوزر کرکے گوٹھ کے مکینوں کو گوٹھ تک محدود کردیا۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ناکہ کھارڑی کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں کے ناروا رویہ کا نوٹس لیتے ہوئے ہمیں ان کے ظالمانہ رویے سے نجات نہیں دلایا جائے گا تب تک ہمارا احتجاج برقرار رہے گا۔ اس دوران کوسٹ گارڈ کی جانب سے احتجاج میں شامل خاصخیلی برادری اور موندرہ یکجہتی کونسل کے چیئرمین نوید اکبر موندرہ کے ساتھ مذاکرات کی یقین دہانی پر کوئٹہ کراچی شاہراہِ کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے کھول دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز