ماشکیل ( ہمگام نیوز ) پانچ سال پہلے مقبوضہ بلوچستان کے علاقے ماشکیل واشک سے جبری طور پر اغواء ہونے والے وزیر احمد ریکی ولد حاجی شفیع محمد کے بوڑھے اور بیمار والد حاجی شفیع محمد ریکی نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر احمد ریکی کو فوری طور پر بازیاب کیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ اب میں بیماری اور عمر کے آخری مرحلے پر ہوں خواہش ہے کہ اپنے بیٹے کا آخری دیدار کرسکوں اور اپنی عمر کے آخری ایام خوشی سے گُزار سکوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر وزیر احمد ریکی پر کوئی الزام ہے تو اُسے ریاست کے ہی عدالتوں میں پیش کر کے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں اس طرح کسی کو پانچ سال سے ٹارچر سیلوں میں بلا وجہ رکھنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
حاجی شفیع محمد ریکی نے ملکی اور غیر ملکی انسانی حقوق کے علمبرداروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بلوچ مغوی اسیران کی با حفاظت بازیابی کیلئے اپنا کردار ادا کرکے جبری مغویان کے پورے خاندان کو اجتماعی اذیت سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔