Homeخبریںپاکستان نے طالبان کے اعلیٰ ترین کمانڈر ملا عبدالغنی برادر کو رہا...

پاکستان نے طالبان کے اعلیٰ ترین کمانڈر ملا عبدالغنی برادر کو رہا کر دیا

اسلام آباد (ہمگام نیوز ) ویب ڈیسک کے مطابق پاکستان نے طالبان گروپ کے شریک بانی اور افغانستان میں امریکی حمایت یافتہ حکومت کے خلاف جنگ کے نائب امیر ملا عبدالغنی برادر کو رہا کر دیا ہے۔

طالبان کے سینیر کمانڈر کو، جو ملا برادر کے نام سے مشہور ہیں، پاکستانی اور امریکی سیکیورٹی فورسز نے 2010 میں کراچی میں ان کی خفیہ پناہ گاہ سے گرفتار کیا تھا۔ وہ اس وقت طالبان گروپ کے نائب امیر تھے۔

طالبان کے ایک سینیر عہدے دار نے کہاکہ ملا بدر اب آزاد ہیں اور وہ اپنی فیملی کے پاس چلے گئے ہیں۔عہدے دار نے مزید کوئی تفصيل نہیں دی اور نہ ہی یہ بتایا کہ انہیں کب رہا کیا گیا۔

کہا جا رہا ہے کہ قطر میں قائم طالبان کے سیاسی دفتر نے اس رہائی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ملا برادر کی رہائی قطر کے ایک اعلی سطحی وفد کے پاکستان کے دورے کے بعد ہوئی ہے۔ اس وفد کی قیادت قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کی تھی۔ تاہم پاکستان نے قطری وفد کے دورے کے بعد سرکاری بیانات میں ملا برادر کے متعلق کچھ نہیں کہا، بلکہ یہ بیانات دو طرفہ سفارتی اور اقتصادی تعاون پر مرکوز رہے۔

برادر کا تعلق جنوبی افغانستان سے ہے۔ ان پر فروری 2001 سے اقوام متحدہ کے تحت مالیاتی اور سفری پابندیاں عائد ہیں۔پاکستان کی قید میں 8 سال گزارنے کے باوجود ملا برادر کو طالبان کے حلقوں میں انتہائی قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

Exit mobile version