پنجگور (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق شاپاتان سے دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق لاشوں کو شناخت اور ضروری قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ٹیچنگ ہسپتال پنجگور منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں پوسٹ مارٹم سمیت دیگر مراحل مکمل کیے جا رہے ہیں۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والی لاشوں میں سے ایک کی شناخت جنگیان ولد رشید کے نام سے ہوئی ہے، جو سماجی کارکن ملک میران کے چھوٹے بھائی تھے۔ اہلِ خانہ کے مطابق جنگیان کو مئی 2025 میں گھر سے مبینہ طور پر جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا اور اس حوالے سے اہلِ خانہ کی جانب سے تشویش کا اظہار بھی کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ضلع کیچ اور ضلع پنجگور سے مجموعی طور پر تقریباً نصف درجن لاشیں برآمد ہو چکی ہیں، جس کے بعد دونوں اضلاع میں خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے۔


