Homeخبریںپنجگور ایکشن کمیٹی کا جے یو آئی رہنما کے قتل کے خلاف...

پنجگور ایکشن کمیٹی کا جے یو آئی رہنما کے قتل کے خلاف احتجاج

پنجگور(ہمگام نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی نائب امیر مولانا عبدالحئی کے قتل کے خلاف آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی پنجگور کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا پنجگور میں جوبھی ظلم کے خلاف بات کرتا ہے اسے راستے سے ہٹا دیا جاتا ہے۔

احتجاجی ریلی جامع مسجد نورالہی سے شروع ہوئی اور بازار کے مختلف گلیوں سے ہوتیں ہوئے بسم اللہ چوک پر احتجاجی مظاہرہ میں تبدیل ہوگئی۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پنجگور میں کسی کی جان ومال محفوظ نہیں جو بھی ظلم کے خلاف بات کرتا ہے اسے راستے سے ہٹا دیا جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت وقت اور ضلعی انتظامیہ پولیس امن وامان قائم کرنے میں مکمل ناکام ہوگئے ہیں۔ روزانہ چوری ڈکیتی راہزنی اور قتل وغارت گری عام ہے۔ اگر قتل وغارت گری بند نہ ہوئی تو پنجگور کے لوگوں کو اجازت دی جائے کہ اپنے جان ومال کی حفاظت خود کریں۔

انھوں نے کہا کہ پنجگور میں نہ عالم دین محفوظ ہیں نہ عوام محفوظ ہیں۔عام شہریوں کے لیے جگہ جگہ چوکیاں ہیں مگر اس کے باوجود جرائم پیشہ افراد آزاد گھوم رہے ہیں پولیس لیویز اور دیگر فورسز کا کا م عوام کے جان و مال کی حفاظت کرنا ہے مگر یہ ناکام ہیں۔

انھوں نے کہا کہ دن دہاڑے ڈپٹی کمشنر پنجگور کے گھر سے چند میٹر کے فاصلے پر عبد الحئی کو شہید کر دیا گیا مگر تاحال حکومت قاتلوں کو گرفتارکر نے میں ناکام ہے اور رات کو پولیس اہلکار کو قتل کر دیا گیا ہے پولیس خود محفوظ نہیں وہ عام عوام کو کیسے تحفظ دے سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومت اور ضلعی حکومت امن وامان قائم کرنے میں مکمل ناکام ہوگئے ہیں۔آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی اب بندوق برداروں کو برداشت نہیں کرئے گی۔

انھوں نے کہا کہ پنجگور میں انتظامیہ نہ پولیس نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اب تک کوئی قدم نہیں اٹھایا ہے۔ پنجگور شریف شہریوں کے لیے نوگو ایریا بن گیا ہے ہر جانب بندوق برداروں کا راج ہے آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی اب پنجگور کے عوام پر ظلم وجبر برداشت نہیں کرے گی۔

آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے مظاہرے سے شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین نزیر احمد بلوچ ، جے یو آئی کے ضلعی امیر حافظ محمد اعظم بلوچ پاکستان مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدرِ اور آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے وائس چیئرمین اشرف ساگر، بی این پی کے ضلعی صدر کفایت اللہ بلوچ،جماعت اسلامی کے ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا نور محمد،نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر حاجی صالح محمد بلوچ،جے یو آئی تربت کے رہنما مولانا عبد العزیز مومن،سماجی اور سیاسی شخصیت شاہ حسین آغا اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض مولانا الیاس ولی نے سر انجام دیئے۔

Exit mobile version