چمن (ہمگام نیوز ) اطلاعات کے مطابق سرحدی شہر چمن میں فورسز پر بم حملہ ہوا۔ دھماکے کی شدت سے قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا اور قریب کھڑی گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ بلوچستان کے شہر چمن میں مال روڈ پر زوردار دھماکا ہوا ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق اس حملے میں 6 افراد جانبحق اور 16 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکے کی شدت سے آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
عینی شاہدین کے مطابق آج کے اس بم حملے میں ایف سی کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں ان کو جانی اور مالی نقصانات اٹھانے پڑے ہیں جبکہ فوری طور پر حکام نے اس حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری چمن کے مال روڈ پہنچ گئی اور علاقے کا محاصرہ کر کے شواہد اکھٹے کرنا شروع کر دئیے۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں وہاں پر کھڑی موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ مقامی اتنطامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ۔