بیجنگ ( ہمگام نیوز) چین میں ایپل اسٹور سے مسلمانوں کی مقدس کتاب قران اور عیسائی مذہب کی مقدس کتاب بائبل پڑھنے والی ایپس کو ہٹا دیا گیا ہے
ایمزون کی آڈیو بک سروس آڈیبل نے جمعہ کو کہا ہے کہ اس نے حکومت کے ‘اجازت کے تقاضے’ کے باعث چین میں ایپل اسٹور سے قرآن اور بائبل پڑھنے کے لیے اپنی ایپ کو ہٹا دیا ہے۔
خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق ایپل نے اس معاملے پر ردِعمل دینے سے گریز کیا ہے۔
دوسری جانب صرف قرآن اور بائبل کی ایپ تیار کرنے والے دیگر ڈویلپرز بشمول امریکہ میں موجود اولو ٹری بائبل سوفٹ ویئر نے بھی کہا ہے کہ چینی حکومت کی درخواست پر ان کی ایپس کو بھی اسٹور سے ہٹا دیا گیا۔
ایپ اسٹور سے قرآن اور بائبل کی ایپس ہٹانا انٹرنیٹ کمپنیوں کے لیے چین کے زیادہ سخت قواعد کے اثرات کی بڑھتی ہوئی مثالوں میں سے ایک ہے۔
رواں سال چین نے ٹیکنالوجی کمپنیوں کے مواد کو اپنے مطابق استعمال کرنے کے لیے الگورتھمز کا زیادہ کنٹرول حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ بچوں کے ویڈیو گیمز کھیلنے کو محدود کرنے اور ڈیٹا پرائیویسی پابندیوں کو بڑھانے کی کوشش کی ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے جمعہ کو رپورٹ کیا تھا کہ واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کے ترجمان لیو پنگیو نے مخصوص ایپلی کیشنز کے ہٹانے پر بات کرنے سے گریز کیا البتہ ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ چین کی حکومت ”ہمیشہ انٹرنیٹ کی ترقی کی حمایت اور حوصلہ افزائی” کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چین میں انٹرنیٹ کی ترقی چینی قوانین اور قوائد کے مطابق بھی ہونی چاہیے۔