تربت ( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے علاقہ ہوشاب کے نواحی علاقے تجابان سنگ آباد کے رہائشی، قابض پاکستانی فورسز کے ہاتھوں جبری لاپتہ میڈیکل ٹیکنیشن ڈاکٹر داد شاہ ولد واحد بخش کے اہلخانہ نے تربت پریس کلب میں پریس کانفریس کرتے ہوئے کہا کہ آپ بخوبی واقف ہیں کہ بلوچستان میں جبری گمشدگیوں اور ماورائے عدالت گرفتاریوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ بدقسمتی سے ایسا کوئی دن نہیں گزرتا جب کسی بلوچ فرزند کو جبراً لاپتہ نہ کیا جائے۔
جبری لاپتہ ڈاکٹر کے بیوی نے کہاکہ آج میں، ایک بدقسمت بیوی، دل میں شدید دکھ اور درد لیے آپ کے سامنے موجود ہوں۔
انھوں نے کہاکہ 4 اگست 2025 کو دوپہر 2 بجکر 15 منٹ، ڈسٹرکٹ کیچ تحصیل ہوشاب کے نواحی علاقے تجابان سنگ آباد کے رہائشی، میڈیکل ٹیکنیشن ڈاکٹر داد شاہ ولد واحد بخش جو جوسک BHU ہسپتال میں اپنی ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد ایک ساتھی کے ہمراہ گھر واپس جا رہے تھے کیچ کور پل پر ریاستی سیکیورٹی اداروں نے جبراً گرفتار کر کے لاپتہ کر دیا۔
پریس کانفرنس میں کہاکہ ڈاکٹر داد شاہ ایک سرکاری ملازم ہیں اور 2017 سے جوسک BHU میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ پاکستان پیرا میڈیکل ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کیچ کے رکن ہیں اور اپنی ڈیوٹی کے علاوہ کسی غیر متعلقہ سرگرمی میں کبھی شامل نہیں رہے۔ وہ ایک باکردار، قانون پسند اور اہلِ علاقہ میں اپنی خدمتِ خلق کے لیے پہچانے جانے والے فرد ہیں۔
اہلخانہ کا کہناتھاکہ ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجود نہ انہیں کسی عدالت میں پیش کیا گیا ہے اور نہ ہی ان کے اہلخانہ یا محکمہ کو کوئی اطلاع دی گئی ہے۔ ہمیں ان کی جان و سلامتی کے بارے میں شدید خدشات ہیں۔ اگر ان پر کسی غیر قانونی یا غیر آئینی سرگرمی میں ملوث ہونے کا الزام ہے تو ملکی آئین و قانون کے مطابق انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔ جبری گمشدگی بذاتِ خود آئین اور قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ہم نے ان کی بازیابی کے لیے ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں سے رجوع کیا، مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ اس لیے ہم اپنے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے احتجاج پر مجبور ہیں۔
پریس کانفرنس میں اہلخانہ نے کہاکہ ہم واضح کرتے ہیں کہ اگر 11 اگست 2025 تک ڈاکٹر داد شاہ کو منظرِ عام پر لا کر باحفاظت بازیاب نہ کیا گیا ،تو 12 اگست 2025 بروز منگل، سی پیک شاہراہ ایم-8 کو تجابان کے مقام پر احتجاجاً دھرنا دے کر بند کر دیا جائے گا۔
ہم تمام سیاسی و سماجی تنظیموں، عوامی تحریکوں، وکلاء برادری، طلبہ تنظیموں اور ہر مکتبہ فکر کے لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ انسانی حقوق کے اس مسئلے پر بلا مشروط ہمارا ساتھ دیں۔
مزید برآں، ہم تربت تا کوئٹہ سفر کرنے والے ٹرانسپورٹرز اورکاروباری حضرات کو پیشگی اطلاع دیتے ہیں۔
12 اگست 2025 کو تجابان ایم-8 شاہراہ احتجاجاً بند رہے گی، لہٰذا متبادل راستے اختیار کریں تاکہ عوام کو غیر ضروری تکالیف سے بچایا جا سکے۔


