Homeخبریںڈرون حملوں میں غیر ملکی سکیورٹی سروس اور عراقی کرد گروپ ملوث...

ڈرون حملوں میں غیر ملکی سکیورٹی سروس اور عراقی کرد گروپ ملوث ہیں: ایران

لندن ( ہمگام نیوز ) ایران نے الزام عاید کیا ہے کہ اس کی سرزمین پر ڈرون حملوں میں ایک غیر ملکی سکیورٹی سروس اور کرد گروپوں کا ہاتھ ہے۔

 

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے نور نیوز کی رپورٹ کے مطابق وسطی شہر اصفہان کے قریب اواخر ہفتہ ہونے والے ایک اسلحہ ڈپو پر ڈرون حملے کا ذمہ دار عراق میں موجود ایک غیر ملکی سکیورٹی سروس اور کرد گروپوں کو ٹھہرایا گیا ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق حملے میں استعمال ہونے والا ساز وسامان اور دھماکہ خیز مواد غیر ملکی سکیورٹی سروس کی ہدایت پر عراقی کردستان میں انقلاب مخالف کرد گروپوں کی مدد سے لایا گیا تھا۔ رپورٹ میں یہ وضاحت نہیں کی گئی کہ اس سکیورٹی سروس کا تعلق کس ملک سے ہے۔

 

واضح رہے کہ ایران نے اس حملے کے بعد بتایا تھا کہ تین بغیر پائلٹ کے خودکش ڈرونز نے ہفتے کے روز وزارت دفاع کے کمپلیکس کو نشانہ بنایا ہے، ایک ڈرون چھت سے ٹکرانے کی تصدیق بھی کی گئی تھی ۔

 

تاہم وال سٹریٹ جرنل نے بعض امریکی اہلکاروں کے حوالے سے یہ دعوی کیا تھا کہ اس حملے کا ذمہ دار اسرائیل ہے۔

Exit mobile version