ڈیرہ بگٹی (ہمگام نیوز) ضلع ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں جبری گمشدگیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، گزشتہ شب دریحان کالونی میں سی ٹی ڈی اہلکاروں نے گھروں پر چھاپے مار کر دو نوجوانوں کو جبری طور پر لاپتہ کر دیا۔
لاپتہ نوجوانوں کی شناخت امام داد ولد کرمان بگٹی اور جان محمد ولد دادان بگٹی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ دونوں کا تعلق بگٹی قبیلے کی زیلی شاخ موندانی سے ہے اور وہ معروف مقامی ٹھیکدار سیٹھ جمعہ خان گرانی بگٹی کے بھتیجے ہیں۔
ذرائع کے مطابق چھاپے کے دوران سی ٹی ڈی اہلکاروں نے تین شارٹ گن اور خواتین کے زیورات بھی لوٹ لیے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹھیکدار جمعہ خان سے سی ٹی ڈی کے ایس ایچ او عمر کھوسہ کی جانب سے ماہانہ دو لاکھ روپے کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم انکار پر اہلکاروں نے گھر پر چھاپہ مار کر لوٹ مار کی اور ان کے بھتیجوں کو جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا۔


