ڈیرہ بگٹی( ہمگام نیوز ) مقبوضہ بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی میں قابض پاکستان کی فرنٹیئر کور اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے گزشتہ رات ڈیرہ بگٹی شہر میں مختلف گھروں پر چھاپے مارکر 15 سے زائد افراد کو حراست میں لیکر جبری گمشدگی کا نشانہ بنایا ۔

مقامی ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد میں سے 9 کی شناخت ہوچکی ہے، جن میں ایک ہی خاندان کے تین افراد بھی شامل ہیں، جس میں دو بھائی بتائے جاتے ہیں۔

ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے افراد کی شناخت قصیر ولد ریحان بگٹی ،جہا خان ولد مہراللہ بگٹی، اور خان ولد مہراللہ بگٹی،جبکہ دیگر افراد کی شناخت شبیر ولد صحبت بگٹی، منگل ولد غلام بکس بگٹی، حسن ولد علی شیر بگٹی ،رشید ولد جان محمد بگٹی،نوروز ولد نہال بگٹی اور اسلام ولد رمضان بگٹی کے ناموں سے ہوا ہے۔ تاہم 6 افراد کے نام معلوم نہیں ہوسکے ہیں ، مقامی زرائع کے مطابق چھاپے رات گئے ڈیرہ بگٹی شہر اور نواحی علاقوں میں مارے گئے، جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حراست میں لیے گئے افراد کے لواحقین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ انہیں نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے اور ان کی خیریت کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جارہی۔

علاقے میں صورتحال کشیدہ ہے جبکہ مقامی خاندانوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں اور انہیں قانون کے مطابق عدالت میں پیش کیا جائے۔