کابل (ہمگام نیوز)افغانستان میں پولیس کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کابل کے مرکز میں واقع امریکن یونیورسٹی پر حملے میں سات طلبہ سمیت 13 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ 10 گھنٹوں کے آپریشن کے بعد سکیورٹی فورسز نے دو حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا۔یہ حملہ بدھ کی شام کو کیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔یونیورسٹی کے طلبہ اور سٹاف اس حملے کے دوران محصور ہوگئے تھے۔ابھی تک کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔اس حملے میں سات طلبہ کے علاوہ تین پولیس اہلکار اور تین گارڈز بھی ہلاک ہوئے ہیں۔کابل پولیس کے سربراہ عبدالرحمان رحیمی نے بی بی سی کو بتایا کہ حملے میں 35 طلبہ اور نو پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ 750 طلبہ اور سٹاف کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ حملہ مقامی وقت شام سات بجے کیا گیا اور یہ ایک ’پیچیدہ‘ حملہ تھا۔ سپیشل فورسز اور امریکی فوجی مشیر جائے وقوعہ پر موجود تھے۔یونیورسٹی کے اندر مسعود حسینی بھی موجود تھے جو پلٹزر ایوارڈ یافتہ فوٹو جرنلسٹ ہیں نے مدد کے لیے ٹویٹ کی۔یونیورسٹی سے بھاگ نکلنے کے بعد انھوں نے امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کو بتایا کہ وہ ایک کلاس روم میں 15 طلبہ کے ہمراہ تھے جب ایک دھماکہ ہوا اور حملہ آور یونیورسٹی میں داخل ہوئے۔
’میں نے کھڑکی سے جھانکا تو ایک عام لباس میں شخص کھڑا تھا۔ اس نے مجھ پر فائر کیا جس سے کھڑکی کا شیشہ ٹوٹ گیا۔ طلبہ کلاس روم کا دروازہ بند کردیا۔‘حسینی نے مزید بتایا کہ کلاس روم کے اندر حملہ آوروں نے دو گرینیڈ پھینکے جس سے متعدد طلبہ زحمی ہوئے۔انھوں نے مزید کہا کہ وہ اور نو طلبہ ایمرجنسی گیٹ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ ’بھاگتے وقت میں نے دیکھا کہ ایک شخص زمین پر الٹا پڑا ہوا ہے۔ ایسا لگتا تھا کہ اس کو پیچھے سے فائر کر کے ہلاک کیا گیا ہے۔‘