دوشنبه, نوومبر 25, 2024
Homeخبریںکرک میں نامعلوم مسلح افراد کا انسدادِ پولیو ٹیم پر حملہ، پولیس...

کرک میں نامعلوم مسلح افراد کا انسدادِ پولیو ٹیم پر حملہ، پولیس اہلکار ہلاک

کرک (ہمگام نیوز) خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع کرک میں انسدادِ پولیو ٹیم پر حملے کے نتیجے میں عملے کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے منگل کو پولیو ٹیم پر اس وقت حملہ کیا جب وہ ضلع کرک کی تحصیل نصرتی میں گھر گھر پولیو کے قطرے پلانے کے عمل میں مصروف تھے۔

خیبر پختونخوا کی انسداد پولیو مہم کے ایک ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ ضلع کرک کی تحصیل تحت نصرتی کے گاؤں گڑ دی بانڈہ میں پیش آیا ہے۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم افراد نے انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار کو نشانہ بنایا جو موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جب کہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

انسداد پولیو مہم خیبر پختونخوا کے ہنگامی دفتر کے عہدیداروں کے مطابق گزشتہ برس ضلع صوابی میں قطرے پلانے کی مہم کے دوران دو خواتین رضا کار جب کہ جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں عملے کی سیکیورٹی پر مامور ایک اہلکار مسلح افراد کا نشانہ بنا تھا۔

حکام کے بقول ڈیڑھ دھائی کے دوران خیبر پختونخوا کے طول و عرض بشمول ضم شدہ قبائلی اضلاع میں مبینہ عسکریت پسندوں کے حملوں میں دو درجن سے زائد انسداد پولیو مہم میں شامل رضاکار، محکمۂ صحت کے اہلکار اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو گھات لگا کر قتل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ سال پولیو سے متاثرہ 84 مریضوں کی تصدیق ہوئی تھی جو 2019 کے نسبت کم تعداد تھی۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز