کوئٹہ (ہمگام نیوز)بلوچستان لبریشن فرنٹ کے ترجمان گہرام بلوچ نے شہید سرمچاروں کو خراج تحسین اور سرخ سلام اور آواران میں حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے نامعلوم مقام سے سیٹلائٹ فون کے ذریعے کہا کہ 13 دسمبرکو مشکے تنک کور میں قابض فوج سے دو بدو لڑائی میں بی ایل ایف کمانڈر عبدالخالق بلوچ عرف سردو سکنہ مشکے اور رشید بلوچ عرف پیٹر سکنہ واشک جام شہادت نوش کرگئے۔ ہم ان شہدا کو ان کی بہادری اور بلوچ مادر وطن کی دفاع میں لڑ کر شہید ہونے پر سرخ سلام پیش کرتے ہیں ۔ اس جھڑپ میں قابض فوج کو بھاری نقصان پہنچا کر اپنے دوسرے ساتھیوں کو بحفاظت نکال کر عبدالخالق بلوچ اور رشید بلوچ نے جوانمردی سے دشمن کا سامنا کیا ۔ شہید سرمچار ایک عرصے سے بی ایل ایف کے پلیٹ فارم سے بلوچ وطن کے دفاع میں لڑ کر دشمن کو کئی محاذوں پر شکست دیکر ہمیشہ سرخرو رہے اور بالآخر اپنی قیمتی جانیں بھی مادر وطن کیلئے قربان کردیں۔ شہید عبدالخالق ایک انتہائی نڈر جنگی کمانڈر تھے، انہوں نے کئی حملوں میں کمان سنبھال کر دشمن کو شکست فاش سے دوچار کیا ہے۔ ایسے نڈراور جان نثار سرمچاروں کی شہادت سب کیلئے مشعل راہ ہیں اور ساتھی سرمچار شہدا کے مشن کو منزل مقصود تک پہنچانے کیلئے سر بہ کفن ہیں۔ترجمان نے کہا کہ آج سرمچاروں نے آواران کے علاقے کلر میں آرمی قافلے کی سیکورٹی پر معمور اہلکاروں پر اسنائپر حملہ کرکے ایک اہلکار کو ہلاک کیا۔ بعد ازاں قافلے کی گاڑیوں نے سرمچاروں کو گھیرنے کی کوشش کی تو قابض فوج اور سرمچاروں کے درمیان جھڑپ ہوئی، جس میں کئی فوجی اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے اور سرمچار بحفاظت نکلنے میں کامیاب ہوئے۔ کل اسی مقام پر ایک آرمی ٹرک کو نشانہ بنا کر ٹرک میں سوار اہلکاروں کو ہلاک و زخمی کیا۔ واضح رہے کہ کلر ایف سی کیمپ کا قریبی علاقہ ہے اور دونوں حملے اس وقت کئے گئے جب ہیلی کاپٹروں کی محفوظ لینڈنگ کیلئے یہاں فوج کھڑی کی گئی تھی۔یہ گن شپ ہیلی کاپٹر راغے و گرد و نواح میں ایک بڑے فوجی آپریشن میں مصروف ہیں۔ان علاقوں کا مکمل محاصرہ اور ٹیلی مواصلات کا نظام نہ ہونے کی وجہ تفصیلات تک رسائی ممکن نہیں ہو پا رہی۔ یہ حملے بلوچستان کی آزادی تک جاری رہیں گے۔