کوئٹہ (ہمگام نیوز ) کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس کے ریٹائرڈ ڈی آئی جی محمد نعیم کاکڑ ہلاک ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ہفتہ کی شب کو تھانہ سول لائن کی حدود میں پشین سٹاپ کے قریب جونیئر اسسٹنٹ کالونی میں پیش آیا۔
جہاں نامعلوم مسلح افراد نے ریٹائرڈ ڈی آئی جی پولیس محمد نعیم کاکڑ کو گولیوں کانشانہ بنایا۔ ایس ایچ او سول لائن شان محمد کے مطابق 65 سالہ محمد نعیم کاکڑ گھر سے نماز پڑھنے کیلئے مسجد کی طرف جارہے تھے کہ گھات لگائے نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوئے۔انہیں فوری طور پر سی ایم ایچ منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے 5خول ملے ہیں یہی ہتھیار اس سے قبل نواں کلی ، کلی کوتوال اور طوغی روڈ پر ٹارگٹ کلنگ کی تین وارداتوں میں استعمال ہوا ہے۔پولیس حکام کے مطابق محمد نعیم کاکڑ تقریباً چار سال قبل ڈی آئی جی کرائم برانچ ریٹائر ہوئے تھے۔