Homeخبریںکوئٹہ: مناسب سیکیورٹی کی عدم فراہمی، پولیو مہم معطل

کوئٹہ: مناسب سیکیورٹی کی عدم فراہمی، پولیو مہم معطل

کوئٹہ(ہمگام نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیو ٹیموں کو مناسب سیکورٹی کی عدم فراہمی پر 18 یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم معطل کر دی گئی۔

بلوچستان کے محکمہ صحت میں ذرائع نےایک نیوز چینل  کو بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی فراہم کیے جانے کے بعد اب یہ مہم جمعہ کو دوبارہ شروع ہو گی۔

ذرائع کے مطابق، کوئٹہ میں پولیو سیمپل موجود ہیں اور ہمیں شہر میں پولیو کیسز کی موجودگی کا اندیشہ ہے۔

ماضی میں کوئٹہ اور  دوسرے علاقوں میں پولیو ٹیموں پر جان لیوا حملے ہو چکے ہیں۔

نومبر، 2014 میں مسلح افراد نے کوئٹہ کی مشرقی بائی پاس پر حملہ کرتے ہوئے تین خواتین سمیت چار پولیو رضاکاروں کو ہلاک کر دیا تھا۔

یونیسف اور دوسری تنظیموں کی مدد سے صوبائی محکمہ صحت نے موجودہ مہم کے دوران شہر میں چار لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو قطرے پلانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔

مہم کا پہلا مرحلہ بدھ کی صبح اٹھارہ یونین کونسلوں میں شروع ہوا تھا جبکہ 25 مئی کو شہر کے مختلف حصوں میں دوسرا مرحلہ شرو ع ہو گا۔

اد رہے کہ رواں سال اب تک صوبے کے اضلاع قلعہ عبداللہ، لورالائی اور کوئٹہ میں تین پولیو کیس سامنے آ چکےہیں۔

اس وقت ژوب، شیرانی، لسبیلہ اور چار دوسرے اضلاع میں پولیو مہم جاری ہے۔

صوبائی حکومت نے ان اضلاع میں بارہ لاکھ بچوں کوپولیو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔

Exit mobile version