کوہلو (ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق کوہلو کے علاقے جنتلی میں مسلح افراد نے بلدیاتی الیکشن کی مناسبت سے جانے والے ایک قافلے کو بم حملے میں نشانہ بنایا جو پولنگ اسٹیشن کی طرف جارہے تھے ۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ قافلہ 17 گاڑیوں پر مشتمل تھا، جوکہ صوبائی وزیر نصیب اللہ مری کا بھیجا ہوا تھا۔
بلدیاتی الیکشن کے ڈیوٹی پر تعینات لیویز کی گاڑی دھماکے کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں لیویز رسالدار اشرف سمیت چار لیویز اہلکاروں کے زخمی اور دو کے ہلاک ہونے کے مصدقہ اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ لیویز رسالدار اشرف سمیت دو اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال کے شروعات سے ہی کوہلو متعدد موثر حملوں کی زد میں رہا ہے، بلخصوص گزشتہ دنوں ایک بم حملے پاکستانی فوج کے دو افسر (کیپٹن صغیر اور میجر جواد) ہلاک ہوئے تھے۔
ان حملوں کی ذمہ داری تواتر کے ساتھ بلوچ لبریشن آرمی کے ترجمان آزاد بلوچ کی جانب سے قبول کیے گئے۔
علاوہ ازیں یہ بھی واضح رہے کہ مقبوضہ بلوچستان میں پاکستانی انتخابات پر حملے ماضی میں بھی ہوتے رہے ہیں جن کی ذمہ داری آزادی پسند مسلح تنظیموں کی جانب سے قبول کیے جاتے رہے ہیں، تاہم مذکورہ حملے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔