مستونگ (ہمگام نیوز) کوئٹہ کراچی خونی شاہراہ پر کھڈکوچہ کے علاقے موت کا رقص جاری، ٹریفک کے مختلف حادثات میں دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے، حادثات میں 8 افراد زخمی ہوگئے۔
این این آئی کی رپورٹ میں تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کراچی شاہراہ پر کھڈکوچہ کے علاقہ ریکی بوز کے مقام پر کوئٹہ سے واشک جانیوالی ڈپٹی کمشنر واشک کی گاڑی موٹرسائیکل سے ٹکرا گئی۔
حادثے میں ڈی سی واشک منیر کاکڑ معمولی زخمی ہوا، جبکہ موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا حادثے میں ڈپٹی کمشنر واشک م کی گاڑی روڈ سے نیچے گر گئی جس سے وہ معمولی زخمی ہوگئے۔
اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر مستونگ برکت بلوچ موقعے پر پہنچ کر ڈی سی واشک کو نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
ایک اور ٹریفک حادثہ میں کھڈکوچہ کے علاقے میں تیزرفتار کار کی ٹکر سے راہ گیر بچی جاں بحق ہوگئی۔ علاوہ ازیں کھڈکوچہ ہی کے علاقے میں مختلف حادثات میں 8 افراد زخمی ہوئے، زخمیوں کو کھڈکوچہ میں واقعہ اسماعیل بلوچ ویلفیئر سوسائٹی ریسکیو سینئر اور شہید نواب غوث بخش رئیسانی ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی۔