یکشنبه, مارچ 8, 2026
Homeخبریںکیچ: تجابان میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی جبری گمشدگی...

کیچ: تجابان میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی جبری گمشدگی کے خلاف لواحقین کا احتجاج، بی وائی سی کی حمایت کا اعلان

شال (ہمگام نیوز) کیچ کے علاقے تجابان میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کی مبینہ جبری گمشدگی کے خلاف لواحقین نے احتجاج کیا، جبکہ بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) نے احتجاج کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔

بی وائی سی کے ترجمان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام طویل عرصے سے جبر اور خوف کی فضا میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ ترجمان کے مطابق تازہ واقعے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کو ریاستی اداروں کی جانب سے جبری طور پر لاپتہ کیے جانے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

لاپتہ افراد میں دو خواتین اور دو مرد شامل ہیں، جن کے نام فرید اعجاز، مجاہد دلواش، ہانی دلواش اور حَیرالنسا وحید بتائے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق آج لاپتہ افراد کے اہلِ خانہ کیچ کے علاقے تجابان میں سڑکوں پر نکل آئے اور اپنے پیاروں کی باحفاظت واپسی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج پُرامن ہے، تاہم لواحقین کا کہنا ہے کہ ان کی آواز کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے اور تاحال یہ واضح نہیں کیا گیا کہ لاپتہ افراد کو کہاں رکھا گیا ہے۔

خاندانوں نے کہا ہے کہ جب تک چاروں افراد کو بحفاظت بازیاب نہیں کرایا جاتا، احتجاج جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے تجابان اور گرد و نواح کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں اور جبری گمشدگیوں کے خلاف آواز بلند کریں، کیونکہ یہ عمل بلوچستان بھر میں بے شمار خاندانوں کو متاثر کر چکا ہے۔

بلوچ یکجہتی کمیٹی (بی وائی سی) نے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان جبری گمشدگیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بی وائی سی نے بلوچ خواتین کی بڑھتی ہوئی جبری گمشدگیوں کے خلاف پانچ روزہ آگاہی مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے، جس کا مقصد عوامی شعور اجاگر کرنا اور ذمہ داروں سے جوابدہی کا مطالبہ کرنا ہے۔

بی وائی سی کے ترجمان نے انسانی حقوق کی تنظیموں، اور تمام باشعور افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ خاموشی اختیار نہ کریں اور بلوچستان میں جبری گمشدگیوں کے خلاف عملی اقدامات کریں۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز