گوادر (ہمگام نیوز): جیونی مکران کوسٹل ہائی وے پر پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں جیونی کے دو نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب پکنک منا کر واپس آنے والے نوجوانوں کی گاڑی کرولا اور زمباد گاڑی کے درمیان تصادم ہو گیا۔
حادثے کے نتیجے میں عبدالصمد ولد محمد نعیم اور مجیب صابر ولد ماسٹر مہیم موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ عامر ولد عمر اور نوربخش ایران پلان شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے گوادر منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چاروں نوجوان تفریح کے لیے مژانی گئے تھے اور شام کے وقت واپسی پر یہ المناک واقعہ پیش آیا۔ حادثے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین غم و اندوہ میں ڈوبے ہوئے ہیں۔


