گوادر(ہمگام نیوز) اطلاعات کے مطابق جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر سعید احمد بلوچ کو گوادر پولیس کی بھاری نفری نے گھر سے گرفتار کرلیا۔
سعید احمد بلوچ کے اہل خانہ کے مطابق پولیس اہلکار دروازہ تھوڑ کر گھر میں گھس آئے اور ان کے بچوں اور خواتین کو تشدد کا نشانہ بنا کر سعید احمد بلوچ کو ان کے بچوں کے ہمراہ تھانے میں لے گئے۔
سوشل میڈیا میں گردش کرتی چند فوٹیجز میں بھی یہ منظر دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس اہلکار گھر میں موجود ایک خاتون سے زبردستی موبائل چھیننے کی کوشش کررہے ہیں۔
زرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس واقع کو کوریج دیتے وقت گوادر پریس کلب کے جوائنٹ سیکریٹری حاجی عبید اللّٰہ بلوچ کو بھی پولیس اہلکاروں نے تشدد کرکے رپورٹنگ سے روکا۔
واقع کے خلاف جماعت اسلامی و دیگر سیاسی پارٹیوں نے عوام کے ساتھ مل کر احتجاجاً میرین ڈرائیو پر ٹائر جلا کر شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بند کردیا۔ جماعت اسلامی گوادر نے اپنے پیغام میں کہا کہ انتظامیہ حالات کو مزید خراب ہونے سے روک دے۔
واضح رہے کہ سعید احمد بلوچ کے خلاف گزشتہ روز ایکسین کیسکو گوادر ڈویژن کی مدعیت پر ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔