Homeخبریںہر نقصان ناقابل تلافی ہے‘: امریکہ میں کرونا سے اموات 10 لاکھ...

ہر نقصان ناقابل تلافی ہے‘: امریکہ میں کرونا سے اموات 10 لاکھ سے زائد ہوگئی

واشنگٹن (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک کی رپورٹ کے مطابق امریکہ میں کرونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے امریکہ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن اس حوالے سے ایک بیان میں سوگوار خاندانوں کے درد میں شریک ہوئے جبکہ امریکی ایوان نمائندگان نے جمعرات کو پارلیمان کے باہر وبا میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ایک تقریب میں بھی شرکت کی۔

صدر نے ایک عالمی ورچوئل کووڈ اجلاس کی صدارت کے دوران اپنے خطاب میں کہا: ’ہر نقصان ناقابل تلافی ہے۔ ہر ایک نے اپنے پیچھے ایک خاندان، ایک برادری کو چھوڑا ہے اور ایک قوم ہمیشہ کے لیے بدل گئی۔‘

صدر بائیڈن نے امریکی شہریوں پر زور دیا کہ وہ ہوشیار رہیں کیوں کہ کیسز پھر بڑھ گئے ہیں۔

اس اجلاس کا مقصد دنیا بھر میں اس وبا پر قابو پانے اور مستقبل میں صحت کی ہنگامی صورت حال کے لیے تیاری کرنے کی کوششوں پر توجہ مرکوز کرنا تھا۔

یہ اجلاس اس وقت ہو رہا تھا جب یورپ میں کرونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 20 لاکھ سے بڑھ چکی ہے جبکہ امریکہ میں کانگریس میں کووڈ کی فنڈنگ کے حوالے سے قانون منظور نہیں ہو پا رہا۔

ادھر وائٹ ہاؤس کے کرونا وبا کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر آشیش جھا نے جمعرات کو خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو ایک انٹرویو میں کہا کہ اگر کانگریس نے مزید ویکسین اور علاج کے لیے نئی فنڈنگ کی فوری منظوری نہ دی تو اس موسم خزاں اور موسم سرما کے دوران امریکہ میں کرونا وائرس پھیلنے کا خدشہ بڑھ جائے گا۔

ان کا کہنا تھا: ’امریکیوں میں وائرس سے بچاؤ کے لیے مدافعت کم ہو رہی ہے۔‘

Exit mobile version