Homeخبریںہزارہ کمیونٹی کی حفاظت کیلئے ایف سی نے چیک پوسٹوں میں مزید...

ہزارہ کمیونٹی کی حفاظت کیلئے ایف سی نے چیک پوسٹوں میں مزید اضافہ کیا

کوئٹہ (ہمگام نیوز )اطلاعات کے مطابق قابض ایف سی کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر تصور ستار اور کمانڈنٹ غزہ بند سکاؤٹس کرنل رب نواز نے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر میں قائم عارضی طور 9 چیک پوسٹوں کو بڑھا کر 17 کر دیا ہے جبکہ 30 فیصد مو بائل پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے پاکستانی فوج کے سر براہ کے احکامات پر مغربی بائی پاس اور ہزارہ ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں نئی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہے
ان خیالات کا اظہار قابض ایف سی کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر تصور ستار اور کمانڈنٹ غزہ بند سکاؤٹس کرنل رب نواز نے پیر کو ہزارہ برادری کے عمائدین ، صوبائی وزیر،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن( ر) فرخ عتیق بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا، ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے مرکزی چیئرمین عبدالخالق ہزارہ ،صوبائی وزیر قانون وپارلیمانی امور سید آغا محمد رضا ، ہزارہ قومی جرگہ کے قیوم نذر چنگیزی کے ہمراہ ایف سی مدد گار سینٹرمیں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا ۔
انہوں نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں حالیہ بد امنی ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے واقعات کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستانی فوج کے سر براہ جنرل قمر جاوید باجوا سے ہزارہ برادری کے وفد کی ملاقات کے بعد ان کے احکامات پر عمل پیرا ہو تے ہوئے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی سیکورٹی کا ازسرنوع جائزہ لیتے ہوئے مختلف اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔
ہزارہ کمیونٹی کی سیکورٹی کے لئے حساس مقامات پر ہزارہ برادری کی عمائدین کی مشاورت سے مزید چیک پوسٹیں لگائی گئی ہے جس میں مری آباد ، لیاقت بازار، سورنج گنج بازار، مسجد روڈ، بستی پنجائیت تک 9 عارضی چیک پوسٹوں کو بڑھا کر17 کر دیا گیا ہے ۔
اس کے علاوہ فقیر محمد روڈ، جان محمد روڈ، ڈبل روڈ، ہزارہ ٹاؤن قبرستان سمیت مختلف مقامات پر موبائل پیٹرولنگ میں 30 فیصد اضافہ کیا گیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج کے سر براہ کے حکم پر ہزارہ ٹاؤن اور مغربی بائی پاس سمیت دیگر علاقوں میں نئی چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہے جبکہ کوئٹہ شہر کے مختلف مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں ۔

Exit mobile version