سه شنبه, اکتوبر 15, 2024
Homeخبریںیمن :متعدد بم دھماکے 31 ہلاک

یمن :متعدد بم دھماکے 31 ہلاک

صنعا ( ہمگام نیوز)یمن کے دارالحکومت صنعا میں حکام کے مطابق سلسلہ وار بم دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں جبکہ شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرنے کا اعلان کیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ صنعا میں شیعہ مسلمانوں کے علاقے میں دو مساجد کو اس وقت بم حملوں میں نشانہ بنایا گیا جب وہاں ماہِ رمضان کے آغاز پر مغرب کی نماز کے لیے نمازی جمع تھے۔ حکام کے مطابق سلسلہ وار ہونے والے دھماکوں میں دو کار بم دھماکے تھے اور اطلاعات کے مطابق حوثی باغیوں کے ہیڈ کوارٹر کے طور پر استعمال ہونے والی ایک عمارت کو بھی نشانہ بنایا گیا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ہونے والے تصاویر میں بم دھماکے کا نشانہ بننے والی ایک عمارت میں آگ لگی ہوئی تھی۔شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے صنعا میں ہونے والے دھماکوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ دولتِ اسلامیہ کی جانب آن لائن جاری ہونے والے بیان کے مطابق چار کار بم حملوں میں دو عبادت گاہوں، ایک مکان اور شیعہ حوثی باغیوں کے ایک دفتر کو نشانہ بنایا۔صنعا میں ہی مارچ میں شیعہ مسلمانوں کی ایک مسجد پر ہونے والے دھماکے میں 130 افراد ہلاک ہو گئے تھے اور اس دھماکے کی ذمہ داری بھی دولتِ اسلامیہ نہ قبول کی تھی۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نےاجلاس کے آغاز سے قبل فریقین پر زور دیا تھا کہ وہ مذاکرات میں کسی امن معاہدے تک پہنچیں اور اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے امن کے لیے سنجیدہ کوششوں کا آغاز کریں۔ خیال رہے کہ سعودی عرب کی قیادت میں یمن کے حوثی باغیوں کےخلاف جاری جنگ میں اقوامِ متحدہ کے اعدادوشمار کے مطابق 2600 سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ہلاک شدگان میں نصف تعداد عام شہریوں کی ہے۔
گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونے والے یمنی باشندوں کی تعداد پانچ لاکھ بتائی جاتی ہے۔یمن میں موجود بی بی سی کے نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ زمینی صورتحال مختلف ہے حالیہ ہفتوں میں یمن میں سعودی سرحد کے قریب حوثی باغیوں اور سعودی فوج کے درمیان لڑائی میں اضافہ ہوا ہے اور دونوں جانب سے جانی نقصان بھی ہوا ہے۔نامہ نگار کہتے ہیں کہ حوثی باغی جو کئی علاقوں پر قابض ہو چکے ہیں ان کے لیے اب ان علاقوں سے دستبردار ہونا آسان نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز