واشنگٹن (ہمگام نیوز) سیاسی رہنماؤں اور قانون سازوں نے، 31 سالہ قدامت پسند مبصر اور ٹرننگ پوائنٹ یو ایس اے کے بانی، ‘چارلی کرک’ کے قتل پر شدید افسوس کا اظہار کیا ہے۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرک کو “عظیم اور یہاں تک کہ افسانوی” قرار دیا اور کہا ہے کہ “امریکہ میں کوئی بھی، نوجوانوں کے دل کو، چارلی سے بہتر نہیں سمجھتا تھا۔ وہ سب کے محبوب اور قابلِ احترام تھے، خاص طور پر میرے، اور اب وہ ہمارے ساتھ نہیں رہے۔ میلانیا اور میری ہمدردیاں ان کی خوبصورت بیوی ایرکا اور خاندان کے ساتھ ہیں۔ چارلی، ہم آپ سے محبت کرتے ہیں!”

امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے لکھا: “اے خدا، انہیں ابدی سکون عطا فرما۔”

سابق صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ “ہمارے ملک میں اس قسم کے تشدّد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ یہ فوراً ختم ہونا چاہیے۔ جِل اور میں چارلی کرک کے خاندان اور عزیزوں کے لیے دعاگو ہیں۔”

امریکہ کے وزیر زراعت بروک رولنز نے کہا ہے کہ “میرے سب سے پیارے دوست، مسیح اور امریکہ کے جنگجو کی موت ایک المیہ ہے۔چاہے آپ کی سیاست کچھ بھی ہو، یہ قوم کے لیے بھی ایک المیہ ہے۔”

اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے کرک کو “اسرائیل کا شیر دل دوست” قرار دیا اور کہا ہے کہ “انہوں نے جھوٹ کے خلاف جنگ کی اور یہود و عیسائی تہذیب کے لیے مضبوطی سے کھڑے رہے۔ میں نے دو ہفتے قبل ان سے بات کی تھی اور انہیں اسرائیل آنے کی دعوت دی تھی۔ افسوس کی بات ہے کہ یہ دورہ اب ممکن نہیں ہوگا۔”

برطانیہ کی وزیر خارجہ یوویٹ کوپر نے اس قتل پر “گہرے صدمے” کا اظہار کیا اور زور دیا ہےکہ “سیاسی تشدّد کا ہماری معاشروں میں کوئی مقام نہیں ہے۔”

ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے لکھا ہے کہ”میں تم سے محبت کرتا ہوں بھائی۔ تم نے بہت سے لوگوں کو اپنی آواز بلند کرنے کی ہمت دی اور ہم کبھی خاموش نہیں ہوں گے۔”