یونان ،ترکی ( ہمگام نیوز) یونان اور اس کے ہمسایہ ملک ترکی میں میں اتوار کو جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری رہیں۔ یونانی دارالحکومت ایتھنز سے موصولہ اطلاعات کے مطابق متاثرہ علاقوں میں آگ نے متعدد گھروں کو تباہ کر دیا اور جزائر سے انخلا پر مجبور کر دیا، جب کہ چیک جمہوریہ کے فائر فائٹرز اور اطالوی طیارے آگ بجھانے کی سرگرمیوں میں امداد کے لیے پہنچ گئے ہیں۔
شمال مغربی ترکی کے پہاڑی جنگلات میں ہفتے کی شب بھڑکنے والی آگ تیزی سے پھیلی، جس سے برسہ شہر کے مشرقی علاقوں کا آسمان سرخ روشنی سے بھر گیا۔ جون کے آخر سے ملک بھر میں روزانہ درجنوں شدید جنگلاتی آگ کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ جمعہ کو حکومت نے مغربی صوبوں ازمیر اور بیلی جِک کو آفت زدہ علاقے قرار دیا تھا۔
ترکی کے ساتھ ساتھ یونان، بلغاریہ اور مونٹی نیگرو میں بھی فائر فائٹرز شدید گرمی، خشک موسم اور تیز ہواؤں کے باعث بھڑکنے والی آگ سے نبرد آزما ہیں۔















