یکشنبه, نوومبر 24, 2024
Homeخبریںیوکرین میں مسجد سمیت کئی ہسپتالوں پر روسی بمباری

یوکرین میں مسجد سمیت کئی ہسپتالوں پر روسی بمباری

کیف (ہمگام نیوز) مانیٹرنگ نیوز ڈیسک رپورٹ کے مطابق روسی فوج نے یوکرینی دارالحکومت کییف اور مشہور سیاحتی و بندرگاہی شہر ماریوپول پر گولہ باری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

اطلاعات کے مطابق کییف کے نواح میں جمعے سے لڑائی شدت اختیار کیے ہوئے ہے۔ روس کا یوکرین پر حملہ چوبیس فروری سے جاری ہے اور اب اس کی فوجی پیش قدمی خاصی سست بیان کی جا رہی ہے۔ ابھی تک روسی فوجیں یوکرینی دارالحکومت پر بھی قابض نہیں ہو سکی ہیں۔ کییف میں مسلسل حملوں سے خبردار کرنے والے سائرن بجانے کا بھی سلسلہ جاری ہے تا کہ لوگ پناہ گاہوں میں داخل ہو سکیں۔

مقامی افراد کے مطابق شہر میں دہشت اور خوف و ہراس کی کیفیت ضرور ہے لیکن مجموعی طور پر شہریوں کے حوصلے بھی بلند ہیں۔ کییف کے کئی علاقوں میں مقامی افواج کی حملہ آور لشکریوں کے ساتھ جھڑپیں بھی جاری ہیں۔

محاصرے کے شکار یوکرینی بندرگاہی شہر ماریوپول میں روسی فوج کی شیلنگ سے ایک تاریخی مسجد کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ اس مسجد میں اسی سے زائد قریب مقامی شہری پناہ لیے ہوئے تھے۔ ابھی تک اس مسجد پر گرنے والے گولوں کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں یا زخمیوں یا مسجد کو پہنچنے والے نقصان کی کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔

ترکی میں یوکرینی سفارت خانے نے یہ ضرور بتایا ہے کہ ماریوپول شہر کی تاریخی مسجد سلطان سلیمان میں کم از کم چھیاسی ترک باشندوں نے پناہ لے رکھی تھی۔ ان میں چونتیس بچے بھی تھے۔

ماریوپول کی سلیمانیہ مسجد اور اسلامی ثقافتی مرکز اکتوبر سن 2007 میں کھولا گیا تھا۔ اس مسجد و مرکز کے لیے تعمیراتی سرمایہ ایک ترک تاجر صالح جہان نے دیا تھا، جو بحیرہ اسود کے کنارے پر واقع ایک اور شہر ترابزون میں پیدا ہوئے تھے۔ ترابزون ایک ترک شہر ہے۔

یہ بھی پڑھیں

فیچرز