کوئٹہ (ہمگام نیوز)بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن آزاد شہید سمیر زون آرگنائزنگ باڈی اجلاس زیر صدارت زونل ڈپٹی آرگنائزر منعقد ہو ا۔اجلاس کے مہمان خاص مرکزی کمیٹی کے رکن میران بلوچ تھے۔اجلاس میں سابقہ زونل کارکردگی رپورٹ ،مرکزی سرکیولر،تنظیمی امور،تنقیدی نشست،علاقائی و عالمی سیاسی صورتحال اور آئندہ لائحہ عمل کے ایجنڈے زیر بحث رہے۔عظیم بلوچ شہداء کی یادمیں دو منٹ کی خاموشی کے بعد اجلاس کا باقائدہ آغا ز ہوا،اجلاس سے بی ایس او آزاد کے رہنماؤں نے کہا آج بلوچ قومی تحریک ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکا ہے ۔ ایک طرف شعورِ آزادی بلوچستان کے کونے کونے میں پھیل رہا ہے اور لوگوں میں ایک جذبہ پیدا کر رہا ہے کہ وہ اس غلامی سے چھٹکارے اور اپنے حالت زار کو بدلنے کیلئے عملی جدوجہد کررہے ہیں تو دوسری طرف قابض ریاست اس سیاسی بیداری سے خائف اپنے پوری طاقت کے ساتھ بلوچ قومی تحریکِ آزادی کو سبوتاژ کرنے کیلئے اپنے تمام ریاستی وسائل بروئے کار لاکر بلوچ نسل کشی میں روزانہ کی بنیاد پر تیزی لارہی ہے۔رہنماؤں نے کہا آج بلوچ فرزندوں کی جدوجہد و قربانیوں کی وجہ سے بلوچ قومی تحریک دنیا بھر میں روشناس ہوچکا ہے ۔ بلوچ قومی تحریک کے عالمی پذیرائی میں بلوچ طلباء کا ایک بہت بڑا کردار ہے جنہوں نے اپنے لازوال قربانیوں اور انتھک محنت سے فلسفہ آزادی کو ہر بلوچ طالب علم کے ذہن میں نقش کردیا ۔ بی ایس او آزاد کے رہنماؤ ں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچ طلباء پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سیاسی و نظریاتی تعلیم حاصل کرکے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کی آبیاری کرکے قومی تحریک کی مضبوطی کیلئے اپناکردار ادا کریں ۔اجلاس میں تمام ایجنڈوں پر بحث مباحثہ کے بعد تنظیمی پروگرام کو آگے لے جانے کیلئے سابقہ آرگنائزنگ باڈی تحلیل کرکے نئی آرگنائزنگ باڈی تشکیل دی گئی۔


