بیروت (ہمگام نیوز) لبنان کے حکام نے بدھ کو بتایا کہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان ایک سال سے زیادہ عرصے کی جنگ میں لبنان میں ہلاک شدگان کی تعداد 4,047 تک پہنچ گئی ہے جن میں سے زیادہ تر ہلاکتیں ستمبر میں جنگ میں شدت آنے کے بعد ہوئی ہیں۔
جنگ بندی کے نفاذ کے ایک ہفتے بعد لبنان کے وزیرِ صحت فراس ابیاد نے صحافیوں کو بتایا، “اب تک ہم نے 4,047 ہلاکتوں اور 16,638 زخمیوں کی تعداد ریکارڈ کی ہے۔”
انہوں نے کہا کہ زیادہ تر اموات 15 ستمبر کے بعد ہوئیں۔ نیز انہوں نے کہا کہ غیر ریکارڈ شدہ اموات کی وجہ سے “ہمیں لگتا ہے کہ حقیقی تعداد زیادہ ہو سکتی ہے”۔
ابیاد نے کہا کہ ہلاک شدگان میں 316 بچے اور 790 خواتین شامل ہیں۔
حزب اللہ کے ایک قریبی ذریعے نے درست اعداد و شمار کے بغیر اے ایف پی کو بتایا تھا کہ گروپ کے سینکڑوں مزاحمت کار ہلاک ہو چکے تھے۔
گذشتہ ہفتے ایک نازک جنگ بندی عمل میں آئی اور عام طور پر برقرار ہے حالانکہ فریقین نے ایک دوسرے پر بار بار خلاف ورزیوں کا الزام لگایا ہے۔
لبنان کی وزارتِ صحت کے مطابق پیر کے روز جنوبی لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 11 افراد ہلاک ہو گئے۔ قبل ازیں حزب اللہ نے جنگ بندی شروع ہونے کے بعد سے ایک اسرائیلی مقام پر پہلی بار حملے کا دعویٰ کیا تھا۔
منگل کے روز اسرائیلی وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے خبردار کیا، “اگر ہم جنگ کی طرف لوٹے تو ہم زیادہ طاقت کے ساتھ کارروائی کریں گے اور لبنان میں مزید گہرائی تک داخل ہو جائیں گے”۔ نیز انہوں نے کہا، اس معاملے میں لبنانی ریاست کے لیے “کوئی استثنیٰ نہیں ہوگا” جو اسرائیل حزب اللہ جنگ میں فریق نہیں تھی۔