انقرہ (ہمگام نیوز ) غزہ میں حماس حکومت کی وزارت صحت نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ 7 اکتوبر سے لے کر اب تک اسرائیلی بمباری سے 15523 فلسطینی شہری شہید ہوگئے۔ وزارت صحت کے اس اعلان کے مطابق غزہ کے ان شہداء میں 70 فیصد تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

ترجمان وزارت صحت اشرف القدرۃ نے اپنے بیان میں زخمیوں کی تعداد بتاتے ہوئے کہا کہ 7 اکتوبر سے اب تک صرف غزہ میں زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 41316 ہوچکی ہے۔

اسرائیل کے غزہ پر یہ حملے فضائی بمباری کے علاوہ ٹینکوں اور سنائپرز کی مدد سے بھی جاری ہیں۔

صرف پچھلے چند گھنٹوں کے دوران ہونے والے اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 316 شہید اور 664 زخمی فلسطینیوں کو ملبے سے نکالا جاسکا ہے۔ جبکہ بہت سارے لوگ زخمی حالت میں ملبے کے نیچے ہیں۔

ایک ہفتہ پر پھیلی جنگ بندی جو قطر، مصر اور امریکہ کی کوششوں سے عمل میں آئی تھی جس کے نتیجے میں 80 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی 240 فلسطینی قیدیوں کے بدلے ممکن ہوئی تھی۔ لیکن جنگ بندی میں وقفہ ختم ہونے کے بعد اسرائیل کی طرف سے غزہ پر دوبارہ بمباری شروع کی جا چکی ہے۔ دونوں فریق ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرنے کا الزام بھی لگا رہے ہیں۔