تل ابیب (ہمگام نیوز) اسرائیلی فوج نے لبنانی تنظیم حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصر اللہ کی ہلاکت کا سرکاری طور پر اعلان کر دیا۔
جمعے کی شام بیروت کے جنوبی علاقے الضاحیہ میں حزب اللہ کی کمان کے ہیڈ کوارٹر پر اسرائیلی فضائی بم باری کے بعد سے نصر اللہ کے بارے میں کوئی مصدقہ خبر نہیں آئی تھی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان افیخائی ادرعی نے ہفتے کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ اسرائیلی حملے کے نتیجے میں حسن نصر اللہ مارا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ حزب اللہ میں جنوبی محاذ کا کمانڈر علی کرکی اور دیگر کئی کمانڈر بھی نصر اللہ کے ساتھ ہلاک ہوئے۔
ادھر اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ہرتسی ہیلفی نے باور کرایا ہے کہ حسن نصر اللہ کا خاتمہ اسرائیل کو حاصل قدرت اور صلاحیت کا اختتام نہیں ہے۔ ہیلفی نے مزید کہا کہ اسرائیل کا پیغام سادہ ہے جس کا مفہوم ہے کہ “جو کوئی بھی اسرائیلی شہریوں کے لیے خطرہ بنے گا ہم جان لیں گے کہ اس تک کس طرح پہنچنا ہے”۔
اس سے قبل حزب اللہ کے قریبی ایک ذریعے نے بتایا تھا کہ جمعے کی شام سے نصر اللہ سے رابطہ ختم ہو چکا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایک اسرائیلی سیکورٹی ذریعے کا کہنا ہے کہ “اس حملے میں کسی کا زندہ نکل آنا کرامت ہی ہو سکتی ہے”۔