بیروت(ہمگام نیوز) جنوبی لبنان پر اسرائیلی فضائی حملوں اور کئی سرحدی قصبوں میں حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کے درمیان لڑائی کا سلسلہ جاری ہے۔ اس دوران میں اسرائیلی فوج نے 3 لبنانی دیہات کو خالی کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے آج جمعرات کے روز “ایکس” پلیٹ فارم پر جاری بیان میں برج الشمالی، معشوق اور الحوش کی آبادی سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر علاقہ خالی کر کے دریائے الاولی کے شمال کی سمت چلے جائیں۔ ساتھ خبردار کیا گیا کہ اسرائیلی فوج ان علاقوں میں حزب اللہ کے ساتھ طاقت سے نمٹے گی۔
العربیہ کے نمائندے کے مطابق جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا۔ اس کے علاوہ حزب اللہ کے ڈرون طیارے شمالی اسرائیل میں مغربی الجلیل کی فضاؤں میں داخل ہو گئے۔ اس دوران میں ایک ڈرون نے نہاریا شہر میں ایک عمارت کو نقصان پہنچایا۔ نمائندے کے مطابق لبنان کی سمت سے کئی راکٹ شمالی اسرائیل کی جانب داغے گئے۔
لبنانی تنظیم حزب اللہ نے جنوبی لبنان کے قصبے الخیام میں اسرائیلی فوج کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ یہاں کئی روز سے جھڑپیں جاری ہیں۔
گذشتہ ماہ اکتوبر کے آغاز پر جنوبی لبنان میں زمینی آپریشن شروع ہونے کے بعد سے اب تک 52 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
رواں سال ستمبر سے اسرائیل نے لبنان میں بالخصوص جنوبی علاقوں، البقاع اور بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقے الضاحیہ میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر حملے شدید کر دیے ہیں۔ گذشتہ ماہ یکم اکتوبر کو اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں زمینی آپریشن کا آغاز کر دیا جس کو اس نے محدود کارروائی قرار دیا ہے۔