یروشلم: (ہمگام نیوز) اسرائیلی فوج کے ترجمان ’اویچائی ادرعی‘ نے اتوار کے روز ’ایک ‘ چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی حملہ ناکام ہوا اور اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکا۔

ادرعی نے زور دے کر کہاکہ “کوئی بھی ایرانی ڈرون اسرائیلی فضائی حدود میں داخل نہیں ہوا”۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی طرف سے داغے گئے تمام کروز میزائلوں کو اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی روک دیا گیا تھا‘‘۔

انہوں نے مزید کہاکہ “زیادہ تر بیلسٹک میزائلوں کو روک دیا گیا اور ان میں سے صرف ایک چھوٹی تعداد اسرائیل کے اندر گری۔ ایرانی حملہ ناکام ہوا اور اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکا”۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ “نیوٹیم ایئر بیس کو پہنچنے والا نقصان بہت کم ہے، اور وہاں بحالی کی کارروائیاں جاری ہیں”۔ انہوں نے مزید کہا کہ حملے کے دوران دو فوجی مراکز کو تباہ کرنے کے بارے میں ایرانی رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں ہے”۔

ادرعی نے کہا کہ آئرن ڈوم نے بڑی تعداد میں میزائلوں کو روکا خاص طور پر لبنان سے داغے گئے تمام میزائلوں کو مار گرایا گیا۔

ادرعی نے زور دے کر کہا کہ “ان رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ اسرائیل کو ایرانی حملے سے قبل اس کے بارے میں مطلع کیا گیا تھا”۔ انہوں نے مزید کہا کہ”ہم ایران کے ساتھ بات چیت نہیں کرتے ہیں اور ہمیں اس کے حملے کی تاریخ کے بارے میں کسی ثالث کی طرف سے مطلع نہیں کیا گیا تھا”۔

قبل ازیں اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی طرف سے کیا گیا حملہ پسپا کردیا گیا ہے۔اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے داغے گئے تمام میزائل اور بمبار ڈرونز میں سے 99 فی صد کواسرائیلی سرحد سے باہر ہی تباہ کردیا گیا۔جبکہ دوسری طرف کچھ میڈیا نے دعوی کیا کہ قابض ایران کے ہمسایہ ممالک کے بارڈر پر اسرائیل نے اپنے جہاز تیار کر رکھے ہیں کہ وہ ایران پر حملہ اور ہو سکتا ہے لیکن اسرائیل کی طرف سے اس کی تصدیق نہ ہو سکا ہے۔