یروشلم (ہمگام نیوز) اسرائیل نے منگل کے روز اعلان کیا ہے کہ اس کی افواج نے خاتم الانبیہ سینٹرل ہیڈ کوارٹر کے ایران کے نئے مقرر کردہ سربراہ علی شادمانی کو ہلاک کر دیا ہے۔

شادمانی کو چند روز قبل رہبر اعلی علی خامنہ ای نے مقرر کیا تھا۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ کو موصول ہونے والی خفیہ معلومات کے مطابق، فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے تہران کے وسط میں واقع ایک ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا جس میں علی شادمانی ہلاک ہو گئے۔

شادمانی کی ذمہ داریوں میں جنگی سرگرمیوں کی نگرانی، میزائل اور ڈرون حملوں کی منظوری اور اسرائیل کے خلاف ایران کی فوجی حکمت عملی کی تشکیل شامل تھی۔

انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل غلام علی رشید کی جگہ لی جو گزشتہ ہفتے اسرائیلی حملے میں ہلاک ہو گئے تھے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ شادمانی کا خاتمہ ایران کی اعلیٰ فوجی کمان کو نشانہ بنانے والے حملوں کے سلسلے کا حصہ ہے جس سے ایران کی مسلح افواج کی کمان کو ایک اور دھچکا لگا ہے۔

اسرائیلی حکام کی جانب سے آپریشن کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

تہران نے ابھی تک شادمانی کی موت پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔