نوشکی (ہمگام نیوز) 6 جنوری 2019 کو مقبوضہ بلوچستان کے علاقے نوشکی سے پاکستانی فورسز اور اس کے خفیہ اداروں کے ہاتھوں جبری طور اغواء ہونے والے اسفند یار ولد حاجی عبدالکریم کے لواحقین نے متعلقہ اداروں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسفند یار بے قصور ہے اُسے باحفاظت بازیاب کیا جائے۔
اسفند یار ولد حاجی عبدالکریم کے لواحقین نے مزید کہا ہے کہ اگر اسفند یار نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے ریاست کے ہی قانون کے مطابق عدالت میں پیش کرکے انصاف کے تقاضے پورے کیئے جائیں، جبکہ اس کے برعکس ہمارے پیاروں کو کئی سالوں سے اس طرح فوجی کیمپوں کے اذیت خانوں میں مسلسل حبس بے جا میں رکھنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
ہم ملکی اور غیر ملکی انسانی حقوق کی علمبرداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ بلوچ جبری مغوی اسیران کی باحفاظت بازیابی کے لیے اپنا کردار ادا کرکے جبری مغویان کے پورے خاندان کو اجتماعی اذیت سے نجات دلانے میں ہماری مددکریں۔
واضح رہے بلوچستان میں جبری اغوا شدہ افراد کی تعداد ہزاروں میں ہے، جن کے لواحقین کے احتجاج کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔