لندن ( ہمگام نیوز ) ایک غیر سرکاری برطانوی تنظیم ’پریسیڈیم نیٹ ورک‘ نے ہفتے کی شام اس امر کا اظہار کیا ہے ’’کہ طالبان نے ایک سیاح سمیت تین برطانوی باشندوں کو افغانستان میں قید کر رکھا ہے۔‘‘ تنظیم نے مزید کہا ’کہ وہ یرغمالیوں کے خاندانوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔”
دوسری جانب برطانوی دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے “ہم افغانستان میں زیر حراست برطانوی شہریوں کے ساتھ قونصلر رابطہ قائم کرنے اور ان کے اہل خانہ کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔”
پریسیڈیم کے رکن سکاٹ رچرڈز نے اسکائی نیوز کو بتایا کہ “ہمیں یقین ہے کہ ان کی صحت اچھی ہے، انہیں طبی سہولیات میسر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا “ہمارے پاس یہ یقین کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے کہ ان کے ساتھ کسی قسم کے ناروا سلوک جیسا کہ تشدد کیا گیا تھا۔”
خیال کیا جاتا ہے کہ ان میں سے دو کو طالبان نے جنوری سے حراست میں رکھا ہوا ہے، جب کہ یہ معلوم نہیں ہے کہ تیسرے کو کب سے حراست میں رکھا گیا ہے۔