کابل (ہمگام نیوز) افغان وزارت اطلاعات نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ افغان صوبے کنڑ میں زلزلے سے 622 افراد جاں بحق اور 1000 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
افغانستان کے خبر رساں ادارے خاما پریس کی رپورٹ کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 47 منٹ پر آیا تھا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق افغانستان میں گزشتہ رات آئے زلزلے کی شدت 6 ریکارڈ کی گئی، جس کی گہرائی 8 کلومیٹر تھی، زلزلے کا مرکز ننگرہار صوبے کے شہر جلال آباد سے 27 کلومیٹر مشرق میں تھا۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبہ کنڑ میں سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع نور گل، سوکی، وٹ پور، مانوگی اور چپہ درہ ہیں۔ ننگرہار میں کم از کم 9 افراد کی ہلاکت اور درجنوں کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ ترجمان افغان طالبان ذبیح اللّٰہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ آج رات آنے والے زلزلے کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا، مقامی حکام اور علاقہ مکین متاثرہ افراد کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز اور قریبی صوبوں سے امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں جو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و بحالی کے کاموں میں حصہ لیں گی۔















