کابل (ھمگام نیوز) غیر ملکی میڈیا کی خبروں کے مطابق دھماکہ افغانستان کے صوبہ بلخ کے دارالحکومت مزار شریف میں صحافیوں کے لیے ایک ایوارڈ تقریب کے دوران ہوا، طالبان پولیس کے ترجمان کے مطابق 5 صحافیوں سمیت 8 افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔
بلخ پولیس کے لیے طالبان کے مقرر کردہ ترجمان محمد آصف وزیری نے بتایا کہ دھماکہ صوبے کے دارالحکومت مزار شریف میں تبیان فرہنگ مرکز میں اس وقت ہوا جب صحافی ایوارڈ کی تقریب میں جمع تھے۔
ایک دھماکہ بلخ کے دوسرے پولیس ڈسٹرکٹ میں ہوا ہے، محمد آصف وزیری نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے مزید کہا کہ زخمیوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ مزار شریف میں ایک بم دھماکے میں صوبائی گورنر داؤد مزمل اور دو دیگر افراد کی ہلاکت کے دو دن بعد پیش آیا، جس میں چار مزید افراد زخمی ہوئے تھے۔
بلخ میں مقیم ایک صحافی محمد فردین نوروزی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ وہ اور دیگر صحافی اس دھماکے میں زخمی ہوئے ہیں، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔