کابل (ہمگام نیوز)افغانستان میں احتجاجی مظاہروں کے دور ان پولیس کی فائرنگ اور خود کش بم حملے میں 9افراد مارے گئے ٗ مشرقی صوبہ پکتیکا میں باردوی سرنگ کے دھماکہ میں کمانڈر سمیت7 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغانستان کے شمالی صوبہ جوز جان کے ضلع قارقین میں مقامی افراد جنگلات سے متعلق ایک قضئیے کے خلاف احتجاج کررہے تھے کہ اس دوران پولیس نے مظاہرین پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ سے 4 مظاہرین کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی گئی افغان حکام کے مطابق صوبہ ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ میں ایک سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب خود کش حملہ آور نے بارودی مواد سے بھری گاڑی کو دھماکہ سے اڑا دیا۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عمر ژواک نے بتایا کہ حملہ کے نتیجے میں 5افراد ہلاک اور5زخمی ہوگئے۔ ادھر افغانستان کے مشرقی صوبہ پکتیکا میں باردوی سرنگ کے دھماکہ میں سریع الاثر فورس کے مقامی کمانڈر سمت7 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان کے مطابق بارودی سرنگ کا دھماکہ ضلع ورزی خواہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب ہوا واقعات کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا