کابل: (ہمگام نیوز) افغان طالبان نے ایک امریکی شہری ڈینس کوئل کو رہا کر کے کابل میں ان کے خاندان کے حوالے کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈینس کوئل کو طالبان کے خفیہ ادارے جنرل ڈائریکٹریٹ آف انٹیلیجنس (GDI) نے جنوری 2025 میں کابل میں ان کے رہائشی فلیٹ سے حراست میں لیا تھا۔ ان کی گرفتاری کے حوالے سے اس وقت زیادہ تفصیلات سامنے نہیں آئی تھیں۔
افغان وزارت خارجہ نے بھی اس رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ امریکی شہری کو مناسب قانونی کارروائی کے بعد رہا کیا گیا۔ حکام کے مطابق رہائی کے عمل میں سفارتی رابطوں اور بات چیت کا کردار بھی شامل رہا۔
یاد رہے کہ 9 مارچ کو ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے افغانستان کو امریکی شہریوں کو حراست میں رکھنے پر “ناجائز قید میں رکھنے والی ریاست” قرار دینے کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد اس معاملے نے بین الاقوامی سطح پر توجہ حاصل کی تھی۔















