واشنگٹن(ہمگام نیوز ڈیسک)اقوام متحدہ نے ماہ رمضان کے آغاز کے موقع پر لیبیا میں انسانی بنیادوں پر ایک ہفتے کی جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
لیبیا کی قومی فوج دارالحکومت طرابلس پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے چار ہفتوں سے معرکہ آرائی میں مصروف ہے۔
لیبیا میں اقوام متحدہ کے مشن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ تمام متحارب فریقوں سے انسانی بنیادوں پر ایک ہفتے کے لیے جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہے اور یہ جنگ بندی قابل توسیع ہو۔ اس دوران تمام فریق ہر طرح کی عسکری کارروائیوں کو روک دینے کا عزم کریں۔
اسی طرح بیان میں زور دیا گیا ہے کہ جنگ بندی کے دوران شہریوں کے لیے انسانی امداد پہنچنے اور ان کی نقل و حرکت کی آزادی کو یقینی بنایا جائے اور قیدیوں اور لاشوں کے تبادلے کا آغاز کیا جائے۔
اقوام متحدہ کی پیش کش پر لیبیا کی قومی فوج یا وفاق کی حکومت کی جانب سے کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا۔