لندن(ہمگام نیوز ) برطانوی دارالحکومت لندن میں 7 مارچ 2026 کو احوازی عربوں کی ایک قومی کانفرنس منعقد ہوئی جس کا مرکزی نعرہ “الاحواز پہلے” تھا۔ کانفرنس میں مختلف احوازی تنظیموں اور سیاسی قوتوں کے نمائندوں کے علاوہ یورپ کے کئی ممالک سے سیاسی رہنماؤں اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔
کانفرنس کا انعقاد احوازی تنظیموں کی رابطہ کمیٹی اور متعدد قومی تنظیموں کے باہمی تعاون سے کیا گیا۔ اس کا مقصد احوازی قومی صفوں میں اتحاد کو مضبوط بنانا، مشترکہ سیاسی حکمت عملی کو فروغ دینا اور علاقائی و عالمی سطح پر احوازی مسئلے کو موثر انداز میں اجاگر کرنا تھا۔
اجلاس کے دوران شرکاء نے الحواز کے مسئلے کے مستقبل، تنظیمی امور اور موجودہ علاقائی و بین الاقوامی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ مقررین نے کہا کہ خطے میں جاری سیاسی تبدیلیاں احوازی عرب عوام کے لیے ایک اہم موقع فراہم کر رہی ہے کہ وہ عالمی سطح پر اپنی آواز کو موثر انداز میں پیش کرے اور اپنے جائز حقوق کے لیے جدوجہد کو مضبوط بنائیں۔
کانفرنس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ احوازی عرب عوام کو بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق اپنے مستقبل کے تعین کا مکمل اور ناقابلِ تنسیخ حق حاصل ہے۔
قومی اتحاد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے تین تنظیموں — الاحواز کی آزادی کے لیے عرب جدوجہد تحریک، احوازی عرب جدوجہد تحریک اور احوازی اجتماع — کو رابطہ کمیٹی میں شامل کر لیا گیا۔ جس اس پلیٹ فارم میں شامل مجموعی تنظیموں کی تعداد آٹھ ہو گئی۔
شرکاء نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ رابطہ کمیٹی اور اس میں شامل تمام تنظیمیں بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں کی پابند ہیں اور ہر قسم کی انتہاپسندی، نسل پرستی اور مذہبی یا فرقہ وارانہ امتیاز کو مسترد کرتی ہیں۔
کانفرنس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ احوازی سیاسی قوتیں آزادی، انصاف، پُرامن بقائے باہمی اور استحکام پر مبنی مستقبل کی تعمیر کے لیے کام جاری رکھیں گی۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری، خصوصاً امریکہ، یورپی یونین، اقوام متحدہ، عرب ممالک، عرب لیگ اور خلیج تعاون کونسل کے ساتھ تعاون کی خواہش کا بھی اظہار کیا تاکہ خطے میں استحکام کو فروغ دیا جا سکے اور دہشتگردی و انتہا پسندی کی پالیسیوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق احوازی قومی اتحاد کو علاقائی اور عالمی سطح پر اس مسئلے کو موثر بنانے کی بنیاد قرار دیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ احوازی عرب عوام اپنے قومی حقوق کی بحالی اور آزادی کے لیے سیاسی اور قانونی ذرائع سے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
رابطہ کمیٹی میں شامل احوازی تنظیمیں:
1. احوازی اجتماع 2. الاحواز میں عرب قومی جمہوری دھارا 3. ڈیموکریٹک فرنٹ 4. عوامی جمہوری ڈیموکریٹک فرنٹ 5. الاحواز کی آزادی کے لیے عرب فرنٹ 6. احوازی عرب جدوجہد تحریک 7. الحواز کی آزادی کے لیے عرب جدوجہد تحریک 8. احوازی جمہوری یکجہتی پارٹی
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کرد پارٹیوں کے جانب سے بھی اتحاد پر مبنی قومی یکجہتی کا پلیٹ فارم تشکیل دیا گیا تھا، علاو ازیں ایران میں محکوم اقوام کی صفحوں میں سے ایک قوم بلوچ بھی ہے، جہاں عوامی حلقوں میں شدت سے یہ احساس پایا جا رہا ہے کہ انہیں بھی دیگر اقوام کی طرح ایک مضبوط پوزیشن اختیار کرتے ہوئے متحدہ پلیٹ فارم کے تحت اپنی جدوجہد کو آگے بڑھانا چاہیے۔















