دالبندین(ہمگام نیوز)دالبندین سے تین ماہ قبل لاپتہ ہونے والے اللہ داد مری کے اہلخانہ نے ان کے فوری بازیابی اور اغوا کے مقدمے میں نامزد شخص کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں اللہ داد مری کے اہلخانہ نے کہا کہ اللہ داد مری کا کسی بھی کالعدم سیاسی ، مذہبی یا مسلح تنظیم سے کوئی تعلق نہیں بلکہ وہ محنت مزدوری کرکے اپنے بچوں کا پیٹ پالتے تھے جنہیں حساس اداروں نے حاجی ولی نامی شخص کی معاونت سے دالبندین سے اغو اکرکے لاپتہ کر دیا جس کے سبب ان کا پورا خاندان شدید پریشانی اور ذہنی کوفت میں مبتلا ہے جبکہ والد کی اغوا اور گمشدگی کے بعد بچوں کی تعلیم بھی متاثرہوکر رہ گئی۔انہوں نے کہا کہ اللہ داد مری کے اغوا کا مقدمہ حاجی ولی و دیگر نامعلوم سادہ لباس افراد کے خلاف دالبندین پولیس تھانے میں درج کرائی گئی لیکن افسوس کہ پولیس اس سلسلے میں کوئی بھی اقدام اٹھانے سے گریزاں ہے جس کے سبب اللہ داد مری کی بازیابی کا کوئی امید نظر نہیں آتا حالانکہ اگر پولیس حاجی ولی نامی شخص کو گرفتار کرے تو شاید اللہ دادمری کا کوئی اتہ پتہ معلوم ہوجائے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان، کورکمانڈر بلوچستان، آئی جی ایف سی بلوچستان، آئی جی پولیس بلوچستان اور چیف جسٹس بلوچستان و انسانی حقوق کے تمام اداروں سے اللہ داد مری کی بازیابی میں عملی کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔